نیویارک میں 19 جولائی کو فیفا ورلڈ کپ 2026 کا تاج اپنے سر سجانے والی اسپین کی فٹ بال ٹیم فیفا کی نئی عالمی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن پر آ گئی ہے۔
ورلڈ کپ کے دوران ناقابلِ شکست رہنے والی اسپینش ٹیم نے 121.17 پوائنٹس کے ریکارڈ اضافے کے ساتھ دوسرے سے پہلے نمبر پر چھلانگ لگائی ہے، جبکہ 2022 کی چیمپئن اور اس بار کی فائنلسٹ ارجنٹائن دوسرے نمبر پر چلی گئی ہے۔
عالمی رینکنگ میں فرانس تیسرے اور انگلینڈ چوتھے نمبر پر برقرار ہیں، جبکہ راؤنڈ آف 16 میں ناروے کے ہاتھوں شکست کے باوجود برازیل کی ٹیم ایک درجے ترقی کے ساتھ 5 ویں نمبر پر پہنچ گئی ہے۔ فرانس کے ہاتھوں کوارٹر فائنل میں ناکام ہونے والی مراکش کی ٹیم اپنی تاریخ کی بہترین 6 ویں پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہے، جبکہ پرتگال 2 درجے تنزلی کے بعد 7 ویں نمبر پر آ گئی ہے۔ اسپین کے ہاتھوں کوارٹر فائنل ہارنے والی بیلجیئم کی ٹیم ایک درجے بہتری کے ساتھ 8 ویں، نیدرلینڈز 9 ویں اور میکسیکو 10 ویں نمبر پر موجود ہے۔
درجہ بندی میں ورلڈ کپ کے گروپ اسٹیج سے باہر ہونے والی ٹیموں میں تیونس 12 درجے تنزلی کے بعد 57 ویں اور سب سے زیادہ 60.74 پوائنٹس گنوانے والی پانامہ کی ٹیم 44 ویں نمبر پر آ گئی ہے۔ دیگر ممالک میں ایران 22 ویں، مصر 24 ویں، بھارت 138 ویں، ایتھوپیا 143 ویں، افغانستان 177 ویں، بنگلا دیش 181 ویں اور سری لنکا 187 ویں نمبر پر ہے۔ فیفا کے 210 رکنی رکن ممالک میں پاکستان 199 ویں نمبر پر براجمان ہے، جبکہ یورپ کی ریاست سان مرینو عالمی درجہ بندی میں سب سے آخری نمبر پر ہے۔