کراچی اور اسلام آباد میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کے یومیہ تعین کے معاملے پر اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، تاہم حکومت پیٹرولیم ڈیلرز کے نمائندوں کو اس فیصلے پر قائل کرنے میں ناکام رہی ہے۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کی کراچی اور لاہور کے ڈیلرز نمائندوں سے متواتر ملاقاتوں کے علاوہ چیئرمین اوگرا اور سیکریٹری پیٹرولیم کے ساتھ بھی بیک ٹو بیک اجلاس منعقد ہوئے۔ پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن (پی پی ڈی اے) کے وفد نے وفاقی وزیر سے ملاقات کے بعد چیئرمین اوگرا سے ڈھائی گھنٹے طویل گفتگو کی، جس کے دوران ڈیلرز نے یومیہ قیمتوں کے تعین پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔
پی پی ڈی اے کے وائس چیئرمین طارق حسن کے مطابق قیمتوں کے یومیہ تعین کے معاملے پر اوگرا نے 7 دن کی مہلت مانگ لی ہے۔
معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے کراچی میں مرکزی اجلاس طلب کرلیا ہے، جس میں ہڑتال کرنے یا اوگرا کو 7 دن کی مہلت دینے سے متعلق حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
ملاقاتوں کے دوران ڈیلرز کی جانب سے ڈیلر مارجن 8 فیصد کرنے کا مطالبہ بھی سامنے رکھا گیا، جبکہ دوسری جانب آئل مارکیٹنگ کمپنیز کی نمائندہ تنظیم او سی اے سی نے قیمتوں کے یومیہ تعین کے حکومتی فیصلے کی حمایت کی ہے۔