سری لنکا کے خلاف اٹیکنگ اور نڈر کرکٹ کھیلیں گے: کپتان ویمنز ٹیم فاطمہ ثنا

image

پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا نے سری لنکا کے خلاف آنے والی سیریز کے حوالے سے پرامید ہونے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم ساؤتھ افریقہ اور زمبابوے کے خلاف سیریز کے مقابلے میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی اور ماضی کی غلطیوں کو نہ دہرانے کی کوشش کی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ ون ڈے سکواڈ کو جلد سے جلد مضبوط بنانے کے لیے سینئرز اور جونیئرز کا بہترین کمبی نیشن بنایا جا رہا ہے، جبکہ گل فیروزہ، صدف شمس اور سدرا امین کی حالیہ پرفارمنس بھی ٹیم کے لیے حوصلہ افزا ہے۔

فاطمہ ثنا کے مطابق ان کا مقصد زیادہ سے زیادہ میچ ونر کھلاڑی تیار کرنا ہے تاکہ ٹیم کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالا جاسکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ٹیم آئندہ پازیٹو، اٹیکنگ اور نڈر کرکٹ کھیلے گی کیونکہ مستقبل میں دیگر بڑی ٹیموں کے ساتھ سخت مقابلے درپیش ہیں۔

انگلینڈ کی لیگ 'دی ہنڈرڈ' سے متعلق بات کرتے ہوئے کپتان کا کہنا تھا کہ وہ اس ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے انتہائی پرجوش ہیں، تاہم اس کی وجہ سے ٹی ٹوئنٹی سیریز مس ہونے پر افسوس بھی ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس لیگ سے ملنے والے تجربے اور سیکھنے کے مواقع سے ان کی ساتھی کھلاڑیوں کو بھی فائدہ پہنچے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US