لامین یمال کے سیلیبریشن مارک ’304‘ کا آخر کیا مطلب ہے؟

image

اسپین کے نوجوان اسٹار فٹبالر لامین یمال جب بھی گول اسکور کرتے ہیں تو ہاتھوں سے ’304‘ کا مخصوص اشارہ بناتے ہیں، جس نے دنیا بھر کے فٹبال شائقین کی توجہ اپنی جانب مبذول کر رکھی ہے۔

کئی مداح اس اشارے کو کسی ذاتی پیغام یا خفیہ علامت سے جوڑتے رہے، تاہم اب اس کی اصل وجہ سامنے آگئی ہے۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ’304‘ دراصل اسپین کے شہر ماتارو کے علاقے روکافوندا کے پوسٹل کوڈ 08304کے آخری تین ہندسے ہیں، جہاں لامین یمال نے اپنا بچپن گزارا۔

رپورٹس کے مطابق یمال ہر گول کے بعد یہ اشارہ بنا کر اپنے آبائی علاقے اور وہاں کے لوگوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ نوجوان فٹبالر کا کہنا ہے کہ وہ اپنی کامیابی کی جڑیں کبھی نہیں بھولنا چاہتے اور اسی لیے ہر اہم موقع پر اپنے علاقے کی نمائندگی کرتے ہیں۔

لامین یمال کے جوتوں پر بھی ’304‘ درج ہوتا ہے، جبکہ ان پر ان کے والد اور والدہ کے آبائی ممالک، مراکش اور استوائی گنی (Equatorial Guinea)، کے پرچم بھی موجود ہوتے ہیں، جو ان کی خاندانی شناخت اور ورثے کی عکاسی کرتے ہیں۔

فٹبال مبصرین کے مطابق یمال کا یہ جشن صرف ایک گول سیلیبریشن نہیں بلکہ اپنی شناخت، اپنے علاقے اور اپنی جڑوں سے وابستگی کا اظہار ہے، جس کی وجہ سے ’304‘ اب روکافوندا کے لیے فخر اور پہچان کی علامت بن چکا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US