انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے مردوں کی تازہ ترین ون ڈے پلیئرز رینکنگ جاری کردی ہے۔
ون ڈے بیٹرز رینکنگ:
بیٹنگ رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل کی پہلی پوزیشن برقرار ہے۔ پاکستان کے بابر اعظم ایک درجے ترقی کے بعد چھٹے نمبر پر آ گئے ہیں، جبکہ سلمان علی آغا بھی دو درجے بہتری کے ساتھ 16 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ دیگر بیٹرز میں آئر لینڈ کے ہیری ٹیکٹر ایک درجے ترقی کے بعد 7 ویں، انگلینڈ کے جو روٹ 4 درجے بہتری کے ساتھ 8 ویں، بھارت کے شریاس ائیر دو درجے ترقی کر کے 13 ویں، افغانستان کے رحمان اللہ گرباز 14 ویں، اور سری لنکا کے پتہم نسانکا 15 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ انگلینڈ کے ہیری بروک 6 درجے تنزلی کے بعد 17 ویں نمبر پر چلے گئے ہیں، جبکہ انگلینڈ ہی کے بین ڈکٹ نے 11 درجے کی لمبی چھلانگ لگا کر 19 ویں پوزیشن حاصل کرلی ہے۔
ون ڈے بولرز رینکنگ:
بولنگ رینکنگ میں افغانستان کے راشد خان کی پہلی پوزیشن برقرار ہے۔ انگلینڈ کے جوفرا آرچر ایک درجے ترقی کے بعد تیسرے اور نیوزی لینڈ کے مچل سینٹنر 3 درجے بہتری کے ساتھ چوتھے نمبر پر آگئے ہیں۔ پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی دو درجے ترقی کر کے 7 ویں جبکہ حارث رؤف دو درجے بہتری کے ساتھ 20 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ بنگلا دیش کے مہدی حسن میراز دو درجے ترقی کے ساتھ 8 ویں، ویسٹ انڈیز کے گڈاکیش موتی 7 درجے ترقی کے ساتھ 9 ویں، بنگلہ دیش کے تسکین احمد 10 درجے بہتری کے ساتھ 19 ویں، ویسٹ انڈیز کے الزاری جوزف 10 درجے ترقی کر کے 26 ویں اور نیوزی لینڈ کے مائیکل بریسویل 14 درجے کی پیش رفت کے ساتھ 29 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔
ون ڈے آل راؤنڈرز رینکنگ:
آل راؤنڈرز کی فہرست میں افغانستان کے عظمت اللہ عمرزئی کا پہلا نمبر برقرار ہے، جبکہ نیوزی لینڈ کے مائیکل بریسویل دو درجے ترقی حاصل کر کے تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔