پاکستان ویمنز جونیئر ہاکی ٹیم نے 14 سال کے طویل عرصے بعد "ویمنز جونیئر ایشیا کپ 2026" کے لیے کامیابی سے کوالیفائی کر کے ایک نیا سنگ میل عبور کرلیا ہے۔ ایشین ہاکی فیڈریشن (AHF) نے پاکستان ہاکی فیڈریشن (PHF) کو ارسال کردہ ایک رسمی خط کے ذریعے اس بات کی باقاعدہ تصدیق کی ہے۔
ایشین ہاکی فیڈریشن کے صدر فومیو اوگورا کی جانب سے بھیجے گئے تہنیتی خط کے مطابق قومی جونیئر ویمنز ٹیم نے یہ تاریخی کامیابی "ویمنز جونیئر اے ایچ ایف کپ 2026" میں اپنی شاندار کارکردگی اور بہترین حتمی رینکنگ کی بنیاد پر حاصل کی ہے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے عہدیداران نے اس شاندار کامیابی پر ٹیم کی کھلاڑیوں، آفیشلز اور کوچنگ اسٹاف کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اسے قومی ویمنز ہاکی کی بحالی اور روشن مستقبل کی طرف ایک اہم پیشرفت قرار دیا ہے۔