قانون نافذ کرنے والے اداروں اور وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کے دوران افغان شہریوں کے لیے مبینہ طور پر جعلی شناختی دستاویزات تیار کرنے والے نیٹ ورک کے چار ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان میں نادرا کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر انعام الحق، ڈپٹی اسسٹنٹ ڈائریکٹر فیاض احمد، چوکیدار جنید احمد اور نجی ایجنٹ محمد عمر شاہ شامل ہیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان افغان شہریوں کے لیے جعلی شناختی دستاویزات کے اجرا، سرکاری ریکارڈ میں ردوبدل اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔
ترجمان نے بتایا کہ ابتدائی شواہد سے اس نیٹ ورک کے دہشت گرد عناصر سے ممکنہ روابط کی بھی نشاندہی ہوئی ہے، جس کے بعد تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔ کارروائی کے دوران اہم ریکارڈ اور دیگر شواہد بھی تحویل میں لے لیے گئے ہیں۔
ایف آئی اے کے مطابق تفتیش جاری ہے اور مزید اہم انکشافات کے ساتھ مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔ ادارے کا کہنا ہے کہ اس نیٹ ورک سے وابستہ تمام سہولت کاروں اور مرکزی کرداروں کو قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ایف آئی اے اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے قومی سلامتی کو درپیش خطرات، دہشت گردی کی معاونت، جعلی شناختی دستاویزات کے اجرا اور منظم جرائم پیشہ نیٹ ورکس کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھنے کے لیے پُرعزم ہیں۔