میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ ایک عام سی پوسٹ میرے لیے اتنی نفرت اور تنقید کا باعث بن جائے گی۔ کئی گھنٹوں سے لوگوں کے تبصرے پڑھ رہی ہوں اور مضبوط رہنے کی کوشش کر رہی ہوں، لیکن میں بھی ایک انسان ہوں۔ اس اکاؤنٹ کے پیچھے ایک ایسا دل ہے جو محسوس کرتا ہے، دکھ سہتا ہے، روتا ہے اور غلطیاں بھی کرتا ہے۔ میں تنقید کو سمجھتی ہوں، مگر اختلافِ رائے اور کسی ایسے شخص کی بے عزتی کرنے میں بہت فرق ہوتا ہے جسے آپ جانتے تک نہیں۔ میں کسی سے محبت کی توقع نہیں رکھتی، صرف اتنی گزارش ہے کہ تھوڑی سی ہمدردی اور انسانیت کا مظاہرہ کریں، کیونکہ کوئی بھی انسان ہزاروں نفرت بھرے پیغامات کا مستحق نہیں ہوتا۔
اسپین کے نوجوان فٹبالر لامین یامال کی گرل فرینڈ اور معروف کانٹنٹ کریئیٹر انیس گارشیا نے مسلسل سوشل میڈیا تنقید کے بعد اپنی خاموشی توڑتے ہوئے ایک جذباتی پیغام جاری کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ آن لائن نفرت صرف الفاظ نہیں ہوتی بلکہ اس کا اثر اس شخص پر بھی پڑتا ہے جو اسکرین کے دوسری جانب موجود ہوتا ہے۔
انیس گارشیا نے اپنے بیان میں مداحوں کو یاد دلایا کہ ہر سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے پیچھے ایک حقیقی انسان موجود ہوتا ہے جس کے اپنے جذبات، خوف، خاندان اور قریبی لوگ ہوتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی پر تنقید کرنا ایک الگ بات ہے لیکن ذاتی حملے اور توہین آمیز زبان کسی بھی صورت درست نہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایک دن سوشل میڈیا ایسا پلیٹ فارم بنے گا جہاں نفرت، تضحیک اور آن لائن ہراسانی کے بجائے احترام اور مثبت رویوں کو فروغ دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ انیس گارشیا کا یہ ردعمل اس وقت سامنے آیا جب اسپین کی 2026 فیفا ورلڈ کپ فتح کے بعد ہونے والی تقریبات کی تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہوئیں۔ بعض سوشل میڈیا صارفین نے دعویٰ کیا کہ لامین یامال جشن کے دوران انیس گارشیا کو نظر انداز کر رہے تھے جس کے بعد دونوں کے تعلقات سے متعلق مختلف قیاس آرائیاں شروع ہو گئیں اور انیس کو شدید تنقید اور نفرت انگیز پیغامات کا سامنا کرنا پڑا۔