گیلپ پاکستان کے تازہ کاروباری اعتماد سروے کے مطابق ملک میں کاروباری اعتماد میں بہتری ریکارڈ کی گئی ہے تاہم بجٹ اور آپریشنل مسائل پر کاروباری اداروں کے تحفظات بدستور برقرار ہیں۔
سروے کے مطابق موجودہ کاروباری صورتحال پر اعتماد 9 فیصد بہتر ہو کر منفی 19 فیصد سے منفی 10 فیصد پر آ گیا جبکہ 45 فیصد کاروباری اداروں نے موجودہ حالات کو بہتر قرار دیا۔
رپورٹ کے مطابق مستقبل کے کاروباری حالات سے متعلق اعتماد میں 25 فیصد اضافہ ہوا ہے اور یہ 12 فیصد مثبت سطح پر پہنچ گیا ہے۔ 56 فیصد کاروباری اداروں کا کہنا ہے کہ آئندہ ایک سال میں کاروباری حالات مزید بہتر ہوں گے۔
گیلپ سروے کے مطابق ملک کی مجموعی سمت سے متعلق کاروباری اعتماد بھی 12 فیصد بہتر ہو کر منفی 20 فیصد پر آ گیا تاہم 34 فیصد جواب دہندگان نے مہنگائی کو ملک کا سب سے بڑا مسئلہ قرار دیا۔
سروے میں 39 فیصد کاروباری اداروں نے وفاقی بجٹ کو منفی قرار دیا جبکہ صرف 18 فیصد نے اسے مثبت قرار دیا۔ گیلپ کا کہنا ہے کہ کاروباری اعتماد میں بحالی کے باوجود بیشتر اشاریے اب بھی منفی ہیں اور کاروباری اداروں کو نمایاں آپریشنل مشکلات کا سامنا ہے۔