کراچی کے علاقے کلفٹن میں تین تلوار کے قریب بینک سے رقم نکال کر نکلنے والے نوجوان ڈاکٹر آکاش کو قتل اور 25 لاکھ روپے لوٹنے کے کیس میں گرفتار تینوں ڈاکو اپنے فرار ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے ہیں۔
اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) کے مطابق گلشنِ معمار کے عمر بروہی گوٹھ میں گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپا مارا گیا تو ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کردی، جس کی زد میں آ کر تینوں گرفتار ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں سے مارے گئے جبکہ ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا۔
واضح رہے کہ 13 جولائی کو پیش آنے والے اس واقعے کی تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی تھی کہ ملزمان بینکوں کے باہر سے رقم چھیننے اور لوٹ مار کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں جبکہ اس ڈکیتی میں ایک نامعلوم خاتون کا کردار بھی سامنے آیا تھا۔ پولیس کی جانب سے واقعے کی تفتیشی رپورٹ جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں جمع کرائی جاچکی ہے۔