بلوچستان کے ضلع مستونگ میں نامعلوم مسلح افراد کے قاتلانہ حملے میں سیشن جج مستونگ عبدالحکیم کاکڑ اور ان کے گن مین شہید ہوگئے، جبکہ ایڈیشنل سیشن جج طارق لاشاری شدید زخمی ہوگئے۔
واقعے کے بعد حکومت بلوچستان نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کا حکم دے دیا۔
معاونِ خصوصی برائے وزیراعلیٰ بلوچستان شاہد رند نے اپنے بیان میں کہا کہ سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ اور ان کے گن مین کی شہادت انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت واقعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وکلا اور ججز کو نشانہ بنانا ایک گہری اور منظم سازش کا حصہ ہے، جس کا مقصد نظامِ انصاف کو خوفزدہ کرنا ہے۔
شاہد رند نے واضح کیا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لا کر سخت سزا دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔