پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن 27-2026 کے باقاعدہ شیڈول کا اعلان کر دیا جس کا آغاز 11 اگست سے ملتان میں ہوگا۔ بورڈ کے مطابق سیزن کی منصوبہ بندی 2027 ورلڈ کپ کی تیاریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے۔
سیزن کے آغاز میں نیشنل چیمپئنز کپ (لسٹ اے) اور ڈیپارٹمنٹل ون ڈے کپ کھیلے جائیں گے جبکہ ریڈ بال مقابلوں میں قائداعظم ٹرافی گولڈ و سلور اور پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون اور گریڈ ٹو گولڈ و سلور شامل ہوں گے۔
پریذیڈنٹ ٹرافی کے مقابلے 12 ستمبر سے جبکہ قائداعظم ٹرافی گولڈ اور سلور یکم نومبر سے شروع ہوں گی۔ قائداعظم ٹرافی گولڈ میں 8 اور سلور میں 12 ٹیمیں حصہ لیں گی جبکہ دونوں ڈویژنز میں پروموشن اور ریلیگیشن کا نظام بھی برقرار رہے گا۔
پی سی بی نے ریجنل ٹیموں کی تعداد 18 سے بڑھا کر 20 کر دی ہے جبکہ سیالکوٹ اور پشاور کو بھی لاہور اور کراچی کی طرز پر دو، دو ریجنل ٹیمیں دی گئی ہیں۔
نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ گولڈ اور سلور 5 فروری سے 6 مارچ تک لاہور میں منعقد ہوں گے جبکہ انڈر 19، انڈر 17 اور انڈر 15 کے مختلف ٹورنامنٹس بھی سیزن کا حصہ ہوں گے۔
سینئر جنرل منیجر ڈومیسٹک کرکٹ اسامہ شارون کا کہنا ہے کہ نیا ڈومیسٹک سیزن کھلاڑیوں اور شائقین دونوں کے لیے یادگار ثابت ہوگا جبکہ ورلڈ کپ کی تیاری اور نوجوان کرکٹرز کی صلاحیتوں کو نکھارنا بھی اس سیزن کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔