وفاقی وزیر جام کمال سے برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات، ٹریڈ ڈائیلاگ کو مضبوط بنانے پر غور

image

اسلام آباد میں وفاقی وزیر جام کمال سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوطرفہ تجارتی روابط اور کاروباری تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔

ملاقات کے دوران پاک برطانیہ ٹریڈ ڈائیلاگ کو ایک مضبوط ادارہ جاتی اقتصادی فریم ورک میں تبدیل کرنے پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر جام کمال نے بتایا کہ پاکستان ٹیرف اصلاحات، ڈیجیٹائزیشن اور ریگولیٹری اقدامات پر عمل پیرا ہے، جبکہ قابلِ پیش گوئی ٹیرف اور سستے صنعتی خام مال سے چھوٹے و درمیانے درجے کےکاروبار (ایس ایم ایز) اور برآمدی شعبے کو تقویت ملے گی۔

انہوں نے افریقہ اور وسطی ایشیا کو پاکستانی مصنوعات کے لیے اہم منڈیاں قرار دیتے ہوئے معیارات، سرٹیفکیشن، ماحولیاتی تقاضوں اور ویلیو ایڈیشن میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔

برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے پاکستان کی اقتصادی و کاروباری اصلاحات کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ ٹریڈ ڈائیلاگ کو واضح شعبوں اور ٹائم لائنز کے ساتھ مضبوط بنانے کا جائزہ لے رہا ہے۔

سیکریٹری تجارت جواد پال نے بریفنگ میں بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان دو ورکنگ گروپس پہلے ہی فعال ہیں اور دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے مزید گروپس قائم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

ملاقات میں دونوں جانب سے قریبی رابطہ برقرار رکھنے، تجارتی تعاون کے عملی نتائج یقینی بنانے اور اگلا پاکستان برطانیہ ٹریڈ ڈائیلاگ رواں سال موسمِ خزاں میں اسلام آباد میں منعقد کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US