پاکستان اور ساؤتھ افریقہ کے درمیان جاری ویمنز انڈر 19 ٹی ٹوئنٹی سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستان نے چھ وکٹوں سے کامیابی حاصل کر کے سیریز 2-2 سے برابر کردی، جبکہ سیریز کا فائنل میچ جمعہ کو کھیلا جائے گا۔
میچ میں پاکستان انڈر 19 کی بلے باز ذوفشاں ایاز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 29 گیندوں پر پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 43 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔
پی سی بی ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے ذوفشاں ایاز، جو اس سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والی بیٹر بھی ہیں، نے کہا کہ ٹیم کو یقین تھا کہ اگر وہ آخر تک کھیلیں گے تو فتح حاصل ہوگی اور چھکا مار کر پاکستان کو جتوانا ایک ناقابل یقین احساس تھا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کا بنیادی ہدف انڈر 19 ایشیا کپ اور ورلڈ کپ ہے۔
دوسری جانب ساؤتھ افریقہ کی اوپنر شریا سبیا نے کراچی کی وکٹ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ گیند بلے پر اچھی طرح آرہی تھی، تاہم پاکستان کے بولرز نے زبردست کم بیک کرتے ہوئے ان کی ٹیم کو کم ٹارگٹ پر روکا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جمعہ کو ہونے والا فائنل ایک پریشر میچ ہوگا جس میں ان کی ٹیم مینجمنٹ کے پلان پر پورا عمل کرنے کی کوشش کرے گی۔