واجبات کی عدم ادائیگی: ایل پی ایل میں جافنا کنگز کی فرنچائز کا معاہدہ منسوخ

image

لنکا پریمیئر لیگ (ایل پی ایل) کے ٹورنامنٹ رائٹس ہولڈر 'انویٹیو پروڈکشن گروپ' (آئی پی جی) نے سری لنکا کرکٹ (ایس ایل سی) کی مشاورت سے مالیاتی واجبات کی عدم ادائیگی پر ’جافنا کنگز‘ کی فرنچائز 'اسپورٹس کمیون' کے ساتھ معاہدہ منسوخ کردیا ہے۔

معاہدے کی منسوخی کے بعد فرنچائز کے تمام حقوق آئی پی جی کو واپس منتقل ہو گئے ہیں، جس کے بعد آئی پی جی اور سری لنکا کرکٹ نے ٹیم کا مکمل آپریشنل کنٹرول سنبھال لیا ہے۔

آئی پی جی نے تصدیق کی ہے کہ ایل پی ایل کا چھٹا ایڈیشن طے شدہ شیڈول کے مطابق جاری رہے گا اور جافنا کنگز اسی نام، اسکواڈ، ٹورنامنٹ کے فارمیٹ اور میچ شیڈول کے ساتھ ٹورنامنٹ میں شرکت برقرار رکھے گی۔ فرنچائز کے بلا تعطل آپریشنز کو یقینی بنانے کے لیے آئی پی جی اور سری لنکا کرکٹ نے کھلاڑیوں، کوچنگ اسٹاف اور سپورٹ اسٹاف کے تمام معاہدوں اور لاجسٹک انتظامات کی مکمل ذمہ داری لے لی ہے۔

منتظمین کے مطابق کھلاڑیوں اور اسٹاف کی تقریباً 90 فیصد ادائیگیاں پہلے ہی مکمل کی جا چکی ہیں، جبکہ بقایا ادائیگیاں معاہدوں کے مطابق ادا کی جائیں گی۔ آئی پی جی کے سی ای او انیل موہن کا کہنا ہے کہ یہ ایک مشکل فیصلہ تھا لیکن لیگ کی شفافیت، کھلاڑیوں کے تحفظ اور ٹورنامنٹ کے باقاعدہ انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے فوری طور پر یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US