چین کے ساتھ چاول کی برآمد کے ایم او یوز پر دستخط، رواں سال برآمدات 3 ارب ڈالر سے تجاوز کرنے کی امید

image

رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان (ریپ) کے وفد کے دورہٴ چین کے دوران پاکستانی تاجروں نے چینی خریداروں سے 60 ہزار ٹن چاول کی برآمد کے معاہدے حاصل کرلیے ہیں۔

چین نے پاکستانی تاجروں کی جانب سے مکئی کی درآمد کے لیے بھی رجسٹریشن کا عمل شروع کر دیا ہے، جس سے چین کو مکئی کی برآمد جلد شروع ہونے کی توقع ہے۔

دورے کے دوران ریپ نے چاول کی برآمدات کو فروغ دینے کے لیے چین کے صوبوں گوانگ ژو اور شینزن کی کاروباری تنظیموں کے ساتھ مفاہمت کی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کیے ہیں۔ ایسوسی ایشن کے مطابق چین کے ساتھ 30 سے 40 کروڑ ڈالر مالیت کے چاول کی فروخت کے معاہدے متوقع ہیں۔

ریپ کے وائس چیئرمین جاوید جیلانی نے بتایا کہ چین کو باسمتی اور نان باسمتی دونوں اقسام کے چاول برآمد کیے جائیں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جاری دورے کے دوران مزید برآمدی آرڈرز ملنے کا امکان ہے اور ان اقدامات کی بدولت رواں مالی سال کے دوران پاکستان کی مجموعی چاول کی برآمدات ایک بار پھر 3 ارب ڈالر کی سطح عبور کر جائیں گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US