انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے تصدیق کی ہے کہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2027 کے فائنل کی میزبانی تاریخی لارڈز کے بجائے دی اوول کو سونپ دی گئی ہے۔
آئی سی سی کے مطابق ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل 9 سے 13 جون 2027 تک لندن کے اوول کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔
یاد رہے کہ آئی سی سی نے گزشتہ سال انگلینڈ کو 2027، 2029 اور 2031 کے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنلز کی میزبانی دی تھی جبکہ ہر ایڈیشن کے لیے میزبان گراؤنڈ کا انتخاب انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کو سونپا گیا تھا۔
ابتدائی طور پر توقع کی جا رہی تھی کہ 2027 کا فائنل بھی لارڈز میں ہوگا تاہم انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے اوول کو ترجیح دی۔ رپورٹس کے مطابق اس فیصلے کی ایک اہم وجہ لارڈز کی پچ کے معیار پر اٹھنے والے سوالات ہیں۔
گزشتہ ماہ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹیسٹ میچ کی پچ کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے آئی سی سی نے پہلی بار لارڈز کو ڈی میرٹ پوائنٹ دیا تھا۔
یہ دوسرا موقع ہوگا کہ دی اوول ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کی میزبانی کرے گا۔ اس سے قبل 2023 کا فائنل بھی اسی میدان میں کھیلا گیا تھا، جہاں آسٹریلیا نے بھارت کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔