پیٹرول پمپ مالکان کی ہڑتال کی کال واپس، حکومت سے مذاکرات کامیاب

image

آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن اور حکومت کے درمیان ہونے والے مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں، جس کے بعد ایسوسی ایشن نے ملک گیر ہڑتال کی کال واپس لینے کا اعلان کردیا۔

آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ڈیلر مارجن اور پٹرولیم مصنوعات کی یومیہ قیمتوں کے تعین سے متعلق ان کے تحفظات حکومت نے دور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

ایسوسی ایشن کے مطابق حکومت نے دونوں معاملات پر غور کے لیے 15 دن کی مہلت دی ہے، جس دوران متعلقہ مسائل کا جائزہ لے کر مناسب فیصلہ کیا جائے گا۔

آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کے رہنما نعمان بٹ نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مطالبات کو سنجیدگی سے زیرِ غور لانے پر ہم شکر گزار ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مقررہ مدت کے اندر پیٹرول پمپ مالکان کے تحفظات کو مستقل بنیادوں پر حل کرلیا جائے گا۔

مذاکرات کی کامیابی کے بعد ملک بھر میں پیٹرول پمپ معمول کے مطابق کھلے رہیں گے اور ایندھن کی فراہمی بلا تعطل جاری رہے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US