گلی کرکٹ سے قومی انڈر 19 ٹیم تک: سمیر منہاس نے اپنے کرکٹ سفر اور تکنیک کے راز بتا دیے

image

پاکستان انڈر 19 کے ابھرتے ہوئے بیٹر سمیر منہاس نے پروگرام "اسٹریٹ ڈرائیو ود سلمان بٹ" میں شرکت کرتے ہوئے اپنے کرکٹ کے سفر اور آئندہ کے اہداف پر تفصیل سے گفتگو کی ہے۔

اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ اور آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے سمیر منہاس کا کہنا تھا کہ ان کے کرکٹ سفر کا آغاز بھائی کے ساتھ گلی میں کھیلنے سے ہوا، جس کے بعد والد نے انہیں اکیڈمی میں داخل کرایا جہاں سے باقاعدہ سفر کا آغاز ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدا میں وہ یاسر شاہ سے متاثر ہو کر بطور لیگ اسپنر کھیلتے تھے، تاہم کوچ طاہر محمود فیض نے ان کی بیٹنگ اور فیلڈنگ کی صلاحیتوں کو پہچانا اور 2013 سے وہ انہی کی زیرِ نگرانی کھیل پر محنت کر رہے ہیں۔

سمیر منہاس نے بتایا کہ والد نے انہیں کم عمری سے فٹنس اور متوازن خوراک کی اہمیت سکھائی، جبکہ انڈر 16 کے بعد انڈر 19 کی تیاری کے لیے انہوں نے سخت ٹریننگ شروع کی۔ ایج گروپ کیمپس اور ملتان انڈر 19 پروگرام نے بہترین تیاری کے ساتھ ساتھ قومی ٹیم کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا۔ ایشیا کپ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ان کا پلان پاور پلے میں ہر اوور میں ایک باؤنڈری حاصل کرنے کے بعد اسٹرائیک روٹیٹ کرنے کا تھا، جبکہ فائنل میں بھارت کے خلاف کوچز نے انہیں بے خوف ہو کر قدرتی کھیل پیش کرنے کا اعتماد دیا۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کا ذکر کرتے ہوئے سمیر منہاس نے کہا کہ لیوک رونکی اور ٹیم انتظامیہ نے ان پر بھرپور اعتماد ظاہر کیا اور رنز کے دباؤ کے بغیر اپنی بیٹنگ سے لطف اندوز ہونے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی تینوں فارمیٹس میں نمائندگی ان کا سب سے بڑا ہدف ہے، کیونکہ ریڈ بال کرکٹ صبر اور تکنیک نکھارتی ہے جبکہ وائٹ بال میں سوچ سمجھ کر جارحانہ کھیل پیش کرنا ضروری ہوتا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US