شاہد آفریدی کی مداح کو دھکا دینے کی ویڈیو وائرل، سوشل میڈیا پر تنقید

image

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی ایک بار پھر سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی زد میں آ گئے ہیں۔ اس بار وجہ ان کا ایک وائرل ویڈیو ہے جس میں وہ ہجوم کے درمیان ایک مداح کو دھکا دیتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شاہد آفریدی اپنے سکیورٹی عملے کے ساتھ ایک مجمع سے گزر رہے ہوتے ہیں۔ اسی دوران ایک نوجوان مداح ان کے قریب آنے کی کوشش کرتا ہے، جس پر آفریدی مبینہ طور پر اسے ہاتھ سے دھکا دے کر پیچھے ہٹا دیتے ہیں۔ یہ مختصر لمحہ کیمرے کی آنکھ میں محفوظ ہو گیا اور دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا۔

ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے شاہد آفریدی کے رویے پر ناراضی کا اظہار کیا اور ان سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔ متعدد صارفین کا کہنا ہے کہ عوامی شخصیات کو اپنے مداحوں کے ساتھ تحمل اور احترام کا مظاہرہ کرنا چاہیے، خاص طور پر ایسے افراد کے ساتھ جو صرف ان سے ملنے یا تصویر بنوانے کی خواہش رکھتے ہوں۔

واضح رہے کہ شاہد آفریدی پاکستان کے مقبول ترین سابق کرکٹرز میں شمار ہوتے ہیں۔ ریٹائرمنٹ کے بعد وہ فلاحی سرگرمیوں، متنازع بیانات اور سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز کے باعث اکثر خبروں میں رہتے ہیں۔ وہ سابق وزیراعظم عمران خان سے متعلق اپنے بیانات کی وجہ سے بھی کئی بار عوامی بحث کا مرکز بن چکے ہیں۔ حالیہ ویڈیو نے ایک بار پھر انہیں سوشل میڈیا پر تنقید کے طوفان میں لا کھڑا کیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US