ورلڈ کپ ہیرو مارک کوکوریلا کے لمبے بالوں کے پیچھے چھپی جذباتی کہانی سامنے آگئی

image

فیفا ورلڈ کپ جیتنے والی اسپین کی ٹیم کے اسٹار فٹبالر مارک کوکوریلا کے گھنگریالے لمبے بالوں کے پیچھے چھپی جذباتی کہانی ایک بار پھر دنیا بھر کی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کوکوریلا نے جان بوجھ کر اپنے بال لمبے رکھے ہیں اور میچز کے دوران انہیں نہیں باندھتے، تاکہ ان کا بڑا بیٹا ماٹیو، جو آٹزم کا شکار ہے، میدان میں اپنے والد کو آسانی سے پہچان سکے۔ ان کے لیے یہ انداز فیشن نہیں بلکہ اپنے بیٹے سے محبت اور وابستگی کی علامت ہے۔

کوکوریلا نے اپنے بیٹے کی بیماری سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا، "جب آپ کو معلوم ہوتا ہے کہ آپ کا بچہ آٹسٹک ہے تو والدین بھی اس کے لیے تیار نہیں ہوتے، ہمیں بھی بہت کچھ سیکھنا پڑا۔ کاش میرے پاس ایک روپیہ بھی نہ ہوتا، مگر میرا بیٹا بالکل صحت مند ہوتا۔"

فٹبالر اور ان کی شریک حیات کلاڈیا روڈریگیز نے بھی بیٹے کی آٹزم کی تشخیص کے بعد گزرنے والے مشکل وقت کو یاد کیا۔ کلاڈیا کے مطابق جب انہیں محسوس ہوا کہ ان کا بیٹا دیگر بچوں سے مختلف انداز میں نشوونما پا رہا ہے تو وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار رہے۔

انہوں نے بتایا کہ وہ روزانہ بیٹے کو اسکول چھوڑنے جاتے اور واپسی پر روتے تھے، جبکہ اسی دوران وہ اپنے دوسرے بچے ریو کی پیدائش کی بھی منتظر تھیں۔

مارک کوکوریلا اور کلاڈیا، جو 2018 سے ایک ساتھ ہیں، اس وقت تین بچوں ماٹیو، ریو اور بیلا کے والدین ہیں۔

واضح رہے کہ فیفا ورلڈ کپ کے فائنل میں اسپین نے دفاعی چیمپئن ارجنٹینا کو 1-0 سے شکست دے کر دوسری بار عالمی ٹائٹل اپنے نام کیا۔ اسپین کی اس تاریخی فتح کے بعد کوکوریلا کی یہ جذباتی داستان سوشل میڈیا اور عالمی میڈیا میں دوبارہ موضوعِ گفتگو بن گئی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US