قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر عبداللہ فضل انجری کے باعث ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر ہو گئے، جس سے پاکستان ٹیم کو بڑا دھچکا پہنچا ہے۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹیسٹ سیریز کی ٹرافی کی رونمائی برائن لارا کرکٹ اکیڈمی میں ہوئی، جہاں پاکستانی کپتان بابر اعظم اور ویسٹ انڈیز کے کپتان روسٹن چیز نے ٹرافی کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔
ٹرافی کی رونمائی کے بعد قومی ٹیم نے وارم اپ اور فیلڈنگ سیشن میں حصہ لیا، تاہم اسی دوران پاکستانی ٹیم کو اس وقت بری خبر ملی جب بیٹر عبداللہ فضل انجری کا شکار ہو گئے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے ذرائع کے مطابق ٹریننگ سیشن کے دوران عبداللہ فضل کی کمر کے نچلے حصے میں انجری ہوئی۔ ایم آر آئی اور طبی معائنے کے بعد ڈاکٹروں نے انہیں فوری طور پر ری ہیبلیٹیشن (ری ہیب) پروگرام سے گزرنے کی ہدایت کی ہے، جس کے باعث وہ ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے خلاف آئندہ ٹیسٹ سیریز میں ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 25 جولائی سے برائن لارا کرکٹ اکیڈمی میں کھیلا جائے گا، جہاں قومی ٹیم سیریز کا فاتحانہ آغاز کرنے کے لیے پُرامید ہے۔