ساؤتھ افریقہ ویمنز انڈر 19 کی ٹیم پاکستان کا کامیابی سے دورہ مکمل کرنے کے بعد آج کراچی سے وطن واپس روانہ ہو جائے گی۔ مہمان ٹیم نے پانچ میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز 2-3 سے اپنے نام کی، جس کے اختتام پر ساؤتھ افریقہ انڈر 19 کی کپتان میکی وین ورسٹ اور ہیڈ کوچ دنیشا دیونرائن نے پی سی بی ڈیجیٹل سے گفتگو کی۔
کپتان میکی وین ورسٹ نے سیریز جیتنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ٹیم نے اس کامیابی کے لیے سخت محنت کی کیونکہ یہاں کی کنڈیشنز ساؤتھ افریقہ سے مختلف تھیں لیکن کھلاڑیوں نے حالات کے مطابق بہترین کھیل پیش کیا۔ انھوں نے بتایا کہ ٹیم کی کچھ کھلاڑیوں کے لیے بین الاقوامی کرکٹ کا یہ پہلا تجربہ تھا اور یوں جیت درج کرنا یادگار رہا۔ انھوں نے پاکستان کی کھلاڑی شہر بانو کی بہترین ہارڈ ہٹنگ کو سراہا اور انڈر 19 کھلاڑیوں کے لیے نائٹ میچز کے انعقاد کو پی سی بی کا ایک بہترین اقدام قرار دیتے ہوئے شاندار مہمان نوازی پر بورڈ کا شکریہ ادا کیا۔
ہیڈ کوچ دنیشا دیونرائن نے بھی پاکستان ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہوسٹ ٹیم نے بہترین کرکٹ کھیلی اور دو میچوں میں ساؤتھ افریقہ کو بالکل لاجواب کر دیا تھا۔ انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی تین بائیں ہاتھ کی فاسٹ باؤلرز کا سامنا کرنے سے ان کی کھلاڑیوں کو ایک قیمتی تجربہ حاصل ہوا اور دونوں ٹیموں کے پاس مستقبل کے لیے ابھرتا ہوا بہترین ٹیلنٹ موجود ہے۔