راولپنڈی میں پانچ ماہ قبل پیش آنے والے اندھے قتل کے مقدمے کا معمہ پولیس نے حل کرتے ہوئے مقتول کی اہلیہ اور اس کے مبینہ ساتھی کو گرفتار کر لیا ہے۔
صدر بیرونی پولیس کے مطابق پانچ ماہ قبل فیصل نامی شہری کی لاش ایک ویران علاقے سے ملی تھی، جس کے بعد واقعے کا مقدمہ درج کر کے مختلف پہلوؤں سے تفتیش کا آغاز کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم اور فرانزک رپورٹس کی روشنی میں مقتول کی اہلیہ حرا کو شامل تفتیش کیا گیا۔
پولیس کے مطابق دورانِ تفتیش ملزمہ نے مبینہ طور پر اعتراف کیا کہ اس نے اپنے ساتھی مرسلین کے ساتھ مل کر پہلے شوہر کو زہر دیا، بعد ازاں گلا دبا کر قتل کیا اور لاش کو شناخت چھپانے کی غرض سے ویران علاقے میں پھینک دیا۔
پولیس نے بتایا کہ دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے، جبکہ واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی برآمد کرلی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور مقدمے کے دیگر پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔