لاہور میں ماں اور تین بچوں کی پراسرار ہلاکت کے کیس کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں پولیس نے تفتیش کے دوران نئے شواہد حاصل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ خاتون نے مبینہ طور پر زہر اپنے ایک دوست کے ذریعے منگوایا تھا، جبکہ پارسل کے ذریعے زہر بھجوانے والا شخص تاحال لاپتا ہے اور اس کی تلاش جاری ہے۔
تحقیقاتی حکام کا کہنا ہے کہ خاتون علینہ نے زہر اپنے گھر کے بجائے اپنی کالج کی ایک دوست کے گھر منگوایا۔ مزید برآں، فرانزک رپورٹ کے مطابق گھر میں استعمال ہونے والے برتنوں پر سب سے زیادہ فنگر پرنٹس بچوں کی والدہ کے پائے گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق واقعے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ شواہد اور فرانزک رپورٹس کی روشنی میں تفتیش کو مزید آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کیس کے تمام حقائق سامنے لانے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔