غلط طبی مشورہ دینے کے الزام میں چیٹ جی پی ٹی کے خلاف مقدمہ درج

image

مصنوعی ذہانت پر بڑھتے ہوئے انحصار کے دوران پہلی بار چیٹ جی پی ٹی کو ایک ایسے مقدمے کا سامنا ہے جس میں اس پر مبینہ طور پر غلط طبی مشورہ دے کر ایک شہری کی جان خطرے میں ڈالنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا کے پادری سکاٹ ونٹرز نے کیلیفورنیا کی سپریم کورٹ میں مقدمہ دائر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ چیٹ جی پی ٹی نے انہیں گمراہ کن طبی رہنمائی فراہم کی، جس کے باعث انہوں نے بروقت علاج نہیں کرایا اور بعد ازاں انہیں پھیپھڑوں میں خون جمنے کی خطرناک بیماری پلمونری ایمبولزم کا سامنا کرنا پڑا جس سے ان کی جان کو شدید خطرات لاحق ہو گئے۔

مقدمے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ چیٹ جی پی ٹی نے ابتدائی علامات کو غیر سنجیدہ قرار دیتے ہوئے نہ صرف انہیں مطمئن کیا بلکہ فوری طور پر کسی ڈاکٹر سے رجوع کرنے کی بھی حوصلہ شکنی کی۔

درخواست میں اوپن اے آئی اور اس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر پر غفلت اور غیر مجاز طبی مشورے فراہم کرنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ مدعی نے مالی ہرجانے کے ساتھ عدالت سے یہ درخواست بھی کی ہے کہ چیٹ جی پی ٹی کی صحت سے متعلق سروسز کو اس وقت تک معطل کیا جائے جب تک آزاد ادارے انہیں محفوظ قرار نہ دے دیں۔

رپورٹ کے مطابق یہ اپنی نوعیت کا پہلا مقدمہ ہے جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ کسی اے آئی چیٹ بوٹ کی طبی رہنمائی نے براہِ راست ایک صارف کی صحت کو نقصان پہنچایا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US