آخری ون ڈے میں پاکستان کو آٹھ وکٹوں سے شکست، سری لنکا نے سیریز 2-1 سے جیت لی

image

ہمبنٹوٹا کے مہندا راجا پاکسا انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں منگل کو کھیلے گئے ویمنز ون ڈے سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں سری لنکا ویمنز نے پاکستان ویمنز کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 2-1 سے اپنے نام کرلی۔

پاکستان کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 40 اوورز میں 187 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ میچ کے آغاز میں ہی سری لنکن فاسٹ باؤلر چیتھنا ویمکتھی کے تین وکٹوں کے حملے نے پاکستان کی ٹاپ آرڈر بیٹنگ کو شدید نقصان پہنچایا، جہاں صدف شمس، سدرہ امین اور عائشہ ظفر جلد پویلین لوٹ گئیں۔ مڈل اور لوئر آرڈر میں فاطمہ ثناء نے 41، گل فیروزہ نے 40، منیبہ علی نے 34 اور ناجیہہ علوی نے 30 رنز کی اننگز کھیل کر اسکور کو 187 تک پہنچایا۔ سری لنکا کی جانب سے کپتان چماری اتھاپتھو اور کاویشا دلہاری نے 27، 27 رنز کے عوض تین تین جبکہ چیتھنا ویمکتھی نے 36 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں سری لنکا ویمنز نے 188 رنز کا ہدف 37.2 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کر لیا۔ پلیئر آف دی سیریز ہرشیتا سماراوکرما نے 92 گیندوں پر 11 چوکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 71 رنز بنائے جبکہ ہاسینی پریرا 50 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔ دونوں نے تیسری وکٹ کے لیے ناقابل شکست 106 رنز کی شراکت قائم کی۔ اس سے قبل پلیئر آف دی میچ چماری اتھاپتھو نے بھی 38 گیندوں پر 52 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ پاکستان کی جانب سے فاطمہ ثناء نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ون ڈے سیریز کے بعد اب دونوں ٹیمیں دمبولا منتقل ہوں گی جہاں تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز 31 جولائی، 2 اگست اور 4 اگست کو کھیلی جائے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US