پاکستانی خاتون باکسر فاطمہ زہرا نے کامن ویلتھ گیمز میں تاریخ رقم کرتے ہوئے خواتین کے 60 کلوگرام ایونٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی ہے۔
کوارٹر فائنل میں انہوں نے نیوزی لینڈ کی جورڈن ولسن کو 5-0 سے شکست دی، جس کے ساتھ ہی پاکستان کے لیے باکسنگ میں تمغہ جیتنے کی امید روشن ہوگئی ہے۔
فاطمہ زہرا کامن ویلتھ گیمز کی تاریخ میں باکسنگ کے سیمی فائنل تک پہنچنے والی پہلی پاکستانی خاتون بن گئی ہیں، جہاں 31 جولائی کو ان کا مقابلہ کینیڈا کی باکسر آل احمدیہ سے ہوگا۔
کوارٹر فائنل میں کامیابی کے بعد گفتگو کرتے ہوئے فاطمہ زہرا نے کہا کہ وہ بھی ایک عام لڑکی تھیں جنہوں نے باکسنگ جوائن کی اور محنت کے ساتھ ٹریننگ کی۔
انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ جو لڑکیاں خود کو گھروں تک محدود رکھے ہوئے ہیں وہ بھی باہر نکلیں اور محنت کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ ان کی کامیابی دیکھ کر دیگر لڑکیاں بھی آگے آئیں گی اور محنت کریں گی، جبکہ وہ خود بھی سیمی فائنل میں بہترین کارکردگی دکھانے کی پوری کوشش کریں گی۔