پاکستانی فٹبال تاریخ میں نیا باب: قومی مردوں کی ٹیم پہلی بار فیفا ایونٹ میں شرکت کے لیے تیار

image

پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کے صدر سید محسن گیلانی کی زیرِ قیادت ملکی فٹبال میں تاریخی پیشرفت کا سلسلہ جاری ہے۔ قومی ویمنز ٹیم کے بعد اب پاکستان مردوں کی قومی فٹبال ٹیم پہلی بار کسی فیفا ایونٹ کا حصہ بننے جا رہی ہے، جہاں وہ ستمبر اور اکتوبر کے دوران انڈونیشیا میں منعقد ہونے والے ابتدائی "فیفا آسیان کپ" (FIFA ASEAN Cup) میں حصہ لے گی۔

اس تاریخی ٹورنامنٹ میں کل 14 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں، جن میں سے پاکستان ان تین مخصوص ٹیموں میں شامل ہے جنہیں جنوب مشرقی ایشیا کی 11 ٹیموں کے ساتھ اس ایونٹ میں خصوصی طور پر مدعو کیا گیا ہے۔ ٹورنامنٹ کے دو ٹائرز بنائے گئے ہیں، جن میں سے مین ایونٹ کی میزبانی انڈونیشیا کرے گا۔ انڈونیشیا اور پاکستان کے علاوہ اس ٹائر میں ملائیشیا، بھارت، فلپائن، سنگاپور اور تھائی لینڈ کی ٹیمیں شامل ہیں۔

پی ایف ایف کے صدر سید محسن گیلانی نے اس موقع پر فیفا کے صدر جانی انفنٹینو کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مردوں کی ٹیم کا اولین فیفا ایونٹ میں شرکت کرنا ان کے منشور اور عزم کا حصہ تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ 16 روزہ اس بین الاقوامی ونڈو کے دوران پاکستان کو خطے کی مضبوط ٹیموں کے خلاف رقابت کا موقع ملے گا، جس سے ملکی فٹبال کی بین الاقوامی سطح پر واپسی کی راہ ہموار ہوگی۔

فیفا کے صدر جانی انفنٹینو کے مطابق فیفا آسیان کپ کا مقصد قومی ٹیموں کو بین الاقوامی کیلنڈر کے اندر مسابقتی اور معیاری میچز فراہم کرنا ہے تاکہ خطے میں فٹبال کے روابط اور شائقین کی دلچسپی کو مزید فروغ دیا جا سکے۔ ٹورنامنٹ میں ٹیموں کو فیفا رینکنگ کی بنیاد پر گروپس میں تقسیم کیا جائے گا، جہاں سنگل راؤنڈ رابن مرحلے کے بعد بہترین ٹیمیں فائنل اور پوزیشن میچز کے لیے کوالیفائی کریں گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US