عالمی چیمپئن آسٹریلیا نے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کے لیے اسکواڈ میں کھلاڑیوں کی تعداد 15 سے بڑھا کر 17 کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
ورلڈ کپ جیتنے والے آسٹریلوی کوچ اینڈریو میکڈانلڈ کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کے نئے فارمیٹ کے تحت 2027 کے ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کو 13 میچز کھیلنے ہوں گے، جبکہ 2023 کے ورلڈ کپ میں فائنلسٹ ٹیم نے 11 میچز کھیلے تھے۔
انہوں نے کہا کہ اگر 15 رکنی اسکواڈ میں ایک یا دو کھلاڑی انجری کا شکار ہو جائیں تو ٹیم سلیکشن مشکل ہو جاتی ہے۔ ان کے مطابق گزشتہ ورلڈ کپ میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ دونوں کو ایسی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
اینڈریو میکڈانلڈ نے مزید کہا کہ طویل ایونٹس اور دور دراز مقامات پر لاجسٹک مسائل بھی پیش آتے ہیں، اس لیے اسکواڈ میں مزید کھلاڑی شامل کیے جانے چاہییں تاکہ ہر ٹیم کے بہترین کھلاڑی دستیاب رہ سکیں۔
انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ فیفا فٹبال ورلڈ کپ میں 11 کھلاڑی میدان میں اترنے کے باوجود 26 رکنی اسکواڈ کی اجازت دیتا ہے، لہٰذا آئی سی سی کو بھی اس معاملے پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے۔