انگلینڈ ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کی تقرری سے متعلق گردش کرنے والی خبروں پر سابق آسٹریلوی کرکٹر اور کوچ جسٹن لینگر نے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے ان سے کسی قسم کا رابطہ نہیں کیا گیا۔
جسٹن لینگر نے کہا کہ ان کے بارے میں چلنے والی تمام خبریں محض افواہیں ہیں اور ای سی بی کی طرف سے انہیں کوچنگ کی کوئی پیشکش نہیں ہوئی۔ انہوں نے اس تاثر کی بھی تردید کی کہ انہوں نے انگلینڈ ٹیم کی کوچنگ کی پیشکش مسترد کی ہے۔
جسٹن لینگر ان دنوں انگلینڈ میں دی ہنڈرڈ ٹورنامنٹ میں کوچنگ کی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں، جبکہ وہ 2018 سے 2021 تک آسٹریلیا کی قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ بھی رہ چکے ہیں۔
دوسری جانب رپورٹس کے مطابق پاکستان کے خلاف آئندہ ٹیسٹ سیریز کے لیے مارکوس ٹریسکوتھک کو انگلینڈ کا عبوری ہیڈ کوچ مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔