قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ سرفراز احمد نے کہا ہے کہ پہلے ٹیسٹ میچ میں دونوں ٹیموں نے عمدہ کھیل پیش کیا تاہم پاکستان کو پہلی اننگز میں برتری حاصل کرنے کا موقع ملا تھا جس سے فائدہ نہیں اٹھایا جا سکا۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کے فاسٹ بولرز نے چوتھے روز شاندار بولنگ کی جبکہ آخری سیشن میں شمار جوزف نے بھی بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔
سرفراز احمد نے بتایا کہ شان مسعود پہلی اننگز میں سنچری بنانے کے دوران انجری کا شکار ہوئے، جس کی وجہ سے وہ دوسری اننگز میں اپنے معمول کے نمبر پر بیٹنگ کے لیے نہیں آئے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے ٹیسٹ کی وکٹ بیٹرز اور بولرز دونوں کے لیے سازگار تھی۔ محمد عباس نے بہترین بولنگ کی جبکہ شان مسعود، بابر اعظم اور امام الحق نے بھی اچھی بیٹنگ کی، تاہم ٹیم کی مجموعی بیٹنگ توقعات کے مطابق نہ رہی۔
ہیڈ کوچ کے مطابق تیسرے روز اہم شراکت داری توڑنے میں ناکامی اور پہلی اننگز میں برتری نہ لینا میچ کا اہم موڑ ثابت ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم نے کنڈیشنز کو دیکھتے ہوئے پانچ بولرز کے ساتھ میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا کیونکہ وکٹ فاسٹ بولرز کی مدد کر رہی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ دوسرے ٹیسٹ سے قبل عبداللہ شفیق اور سعود شکیل کی شمولیت پر غور کیا جائے گا جبکہ علی عثمان کا انتخاب درست تھا تاہم میچ کی کنڈیشنز کے باعث فاسٹ بولرز کو زیادہ اوورز کروانے پڑے۔