سندھ میں میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ) 2026 کا انعقاد 16 اگست بروز اتوار کیا جائے گا۔ امتحان سکھر آئی بی اے ٹیسٹنگ سروسز (سیبا) کے تحت منعقد ہوگا۔
سیبا ٹیسٹنگ سروسز کے مطابق ایم ڈی کیٹ کے لیے کراچی، حیدرآباد، جامشورو، لاڑکانہ، سکھر، میرپورخاص، شہید بینظیر آباد اور اسلام آباد میں امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ کراچی میں امتحان این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی جبکہ حیدرآباد میں پبلک اسکول لطیف آباد میں ہوگا۔
اسی طرح جامشورو میں لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز، میرپورخاص میں میر شیر محمد ٹالپر پبلک اسکول، لاڑکانہ میں پولیس ٹریننگ اسکول، شہید بینظیر آباد میں قائدِ عوام یونیورسٹی آف انجینئرنگ، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور سکھر میں آئی بی اے پبلک اسکول کو امتحانی مراکز مقرر کیا گیا ہے۔ اسلام آباد منتقل ہونے والے سندھ کے رہائشی امیدوار پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس کے ٹیسٹ سینٹر میں امتحان دیں گے۔
سیبا ٹیسٹنگ سروسز کے مطابق امتحان کا دورانیہ تین گھنٹے ہوگا، امیدواروں کو مقررہ وقت پر امتحانی مراکز پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ امتحان مکمل ہونے سے پہلے کسی امیدوار کو امتحانی ہال سے باہر جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ تمام امتحانی مراکز پر والدین کے لیے علیحدہ انتظار گاہیں قائم کی جائیں گی اور امیدواروں کو ضروری اسٹیشنری اور پینے کا پانی بھی فراہم کیا جائے گا۔