محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب نے مزید 555 سرکاری اسکولوں کو ختم کرکے قریبی تعلیمی اداروں میں ضم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
محکمہ اسکول ایجوکیشن کے مطابق یہ وہ اسکول ہیں جہاں آؤٹ سورسنگ کے باوجود طلبہ کی تعداد میں اضافہ نہیں ہو سکا۔ ان اسکولوں کو دو کلومیٹر کے دائرے میں موجود قریبی ہائی یا ایلیمنٹری اسکولوں کے ساتھ ضم کیا جائے گا تاکہ تعلیمی وسائل کو زیادہ مؤثر انداز میں استعمال کیا جا سکے۔
محکمہ کے حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ اسکولوں میں پانچ سے بھی کم طلبہ زیر تعلیم ہیں، جبکہ ہر اسکول میں اوسطاً تین اساتذہ تعینات ہیں جس کے باعث ان اداروں کو الگ سے چلانا عملی طور پر مؤثر نہیں رہا۔
محکمہ اسکول ایجوکیشن کے مطابق اس اقدام کے بعد پنجاب میں سرکاری اسکولوں کی مجموعی تعداد کم ہو کر تقریباً 37 ہزار رہ جائے گی۔ حکام نے بتایا کہ اب تک صوبے بھر میں 13 ہزار سرکاری اسکول آؤٹ سورس کیے جا چکے ہیں۔ ساتھ ہی محکمہ کا مؤقف ہے کہ اسکولوں کے انضمام کا مقصد تعلیمی سہولیات اور دستیاب وسائل کو بہتر انداز میں بروئے کار لانا ہے۔