کراچی کے علاقے پی ای سی ایچ ایس سے دو روز قبل اغوا ہونے والے 25 سالہ نوجوان میر رضا علی کی لاش گلستانِ جوہر میں شادی ہال کے قریب جھاڑیوں سے برآمد ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق مقتول کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد فائرنگ کرکے قتل کیے جانے کا شبہ ہے۔
مقتول کی لاش گلستانِ جوہر بلاک ون میں واقع شادی قلعہ ہال کے قریب سے ملی، جسے جناح اسپتال منتقل کر کے پوسٹ مارٹم کرایا گیا۔ ایس ایچ او گلستانِ جوہر کامران قریشی کے مطابق لاش ایک سے دو روز پرانی معلوم ہوتی ہےجسم کے بعض حصے جلے ہوئے تھے تاہم مقتول کے والد نے کپڑوں کی مدد سے شناخت کی۔
پولیس کے مطابق میر رضا علی پی ای سی ایچ ایس بلاک ٹو کے رہائشی تھے اور بہادر آباد چورنگی پر کاروبار کرتے تھے۔ ان کے اغوا کا مقدمہ والد کی مدعیت میں فیروز آباد تھانے میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کیا گیا تھا۔
ایف آئی آر کے مطابق میر رضا علی 27 اور 28 جولائی کی درمیانی شب اپنی دکان سے گھر پہنچے تھے اور والدہ کو یہ کہہ کر گھر سے نکلے کہ وہ دس منٹ میں واپس آ جائیں گے تاہم اس کے بعد لاپتا ہوگئے۔ اہل خانہ نے تلاش کے بعد پولیس کو اطلاع دی اور اغوا کا مقدمہ درج کرایا۔
پولیس نے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دی ہیں اور جائے وقوع کے اطراف نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کی جا رہی ہے تاکہ اغوا اور قتل میں ملوث ملزمان کا سراغ لگایا جا سکے۔
دوسری جانب مقتول میر رضا علی کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی جبکہ ان کی المناک موت پر اہل خانہ اور عزیز و اقارب غم و اندوہ میں ڈوبے ہوئے ہیں۔