فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن (FDE) نے اسلام آباد ماڈل کالجز میں فرسٹ ایئر (گیارہویں جماعت) کے داخلوں کا باقاعدہ شیڈول جاری کر دیا ہے۔
ترجمان ایف ڈی ای کے مطابق آن لائن رجسٹریشن کا آغاز آج سے کر دیا گیا ہے جبکہ درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 5 اگست مقرر کی گئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق شارٹ لسٹ کیے گئے امیدواروں کی فہرست 7 اگست کو جاری کی جائے گی جبکہ امیدواروں کی دستاویزات کی تصدیق اور انٹرویوز کا عمل 14 اگست تک مکمل کیا جائے گا۔ پہلی میرٹ لسٹ 17 اگست کو آویزاں کی جائے گی اور منتخب امیدوار 18 اگست تک اپنی فیس جمع کرا سکیں گے۔
ایف ڈی ای کے مطابق دوسری میرٹ لسٹ 19 اگست کو جاری کی جائے گی، جبکہ نئی تشکیل شدہ فرسٹ ایئر کلاسز کا باقاعدہ آغاز 20 اگست سے ہوگا۔
فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن نے واضح کیا ہے کہ اسلام آباد کے تمام اربن اور رورل ماڈل کالجز کے لیے آن لائن رجسٹریشن مکمل طور پر مفت ہوگی۔ داخلوں کے لیے صرف اسلام آباد کے رہائشی طلبہ اور راولپنڈی و اسلام آباد میں تعینات وفاقی سرکاری ملازمین کے بچوں کو اہل قرار دیا گیا ہے۔