بلوچستان کے ضلع کیچ کے شہر تربت کے علاقے ناصر آباد سے 6 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں جن پر گولیوں کے نشانات موجود ہیں۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
معاونِ میڈیا امور برائے وزیر داخلہ بابر یوسفزئی کے مطابق برآمد ہونے والی لاشیں دو روز قبل اغوا کیے گئے مزدوروں کی ہیں۔ جاں بحق افراد میں سے 4 کا تعلق پنجاب جبکہ 2 کا تعلق خیبر پختونخوا سے تھا۔
پولیس کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے دو روز قبل کیچ کے علاقے کلاتک سے 7 مزدوروں کو اغوا کیا تھا۔ اغوا کے فوری بعد ایک مزدور کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا، جبکہ دیگر 6 مزدوروں کو اپنے ساتھ لے گئے تھے، جن کی لاشیں اب تربت کے علاقے ناصر آباد سے ملی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی تلاش اور واقعے کے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ مقتولین کی لاشیں ضروری قانونی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کرنے کا عمل جاری ہے۔