ویسٹ انڈیر سے پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست،کوچ اور کپتان کی کھلاڑیوں سے میٹنگ

image

ویسٹ انڈیر سے پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست،کوچ اور کپتان کی کھلاڑیوں سے میٹنگ کی اندرونی کہانی ہماری ویب سامنے لے آیا ، ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ سرفراز احمد اور کپتان بابر اعظم نے کھلاڑیوں سے اہم میٹنگ کی جس میں میچ میں ہونے والی غلطیوں اور کارکردگی میں بہتری کے طریقہ کار پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ روز دوپہر 12 بجے ٹیم آفیشلز اور کھلاڑیوں کا اجلاس ہوا، جس میں ہیڈ کوچ سرفراز احمد اور کپتان بابر اعظم نے کھلاڑیوں کو خامیوں سے آگاہ کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ہیڈ کوچ سرفراز احمد نے سینئر بیٹرز اور بولرز کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ سینئر کھلاڑیوں کو ذمہ داری لینا ہوگی۔ انہوں نے بولرز کو لائن اور لینتھ بہتر کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ حریف بیٹرز کو آسان رنز اور چھکے دینے سے گریز کرنا ہوگا۔

ذرائع کے مطابق سرفراز احمد نے بولرز کی جانب سے 18 نوبالز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اتنی نوبالز قابلِ قبول نہیں، غلطیوں پر قابو پانا ہوگا۔

میٹنگ میں کپتان بابر اعظم نے بھی کھلاڑیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سینئر ہونے کے ناطے سب کو اپنی ذمہ داری ادا کرنا ہوگی۔ انہوں نے کھلاڑیوں سے سوال کیا کہ کون سی چیزیں بہتر بنا کر کارکردگی اور نتائج میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔

ذرائع کے مطابق بابر اعظم نے کہا کہ بار بار ایک ہی غلطی دہرائی جا رہی ہے اور ٹیم اہم مواقع پر کولاپس کا شکار ہو جاتی ہے۔ انہوں نے بولرز کی جانب سے ٹیل اینڈرز کو رنز دینے اور اہم لمحات میں میچ ہاتھ سے نکلنے پر بھی بات کی۔

کپتان نے کھلاڑیوں کو مثبت رہنے اور ہر کھلاڑی کو اپنی ذمہ داری لینے پر زور دیا۔ ذرائع کے مطابق سلمان علی آغا اور محمد رضوان نے بھی اجلاس میں اپنی رائے کا اظہار کیا۔

سلمان علی آغا نے کہا کہ اس مسئلے کا حل تلاش کرنا ہوگا اور بڑی پارٹنرشپس قائم کرنا ضروری ہیں جبکہ محمد رضوان نے کہا کہ ٹیم کو 100 یا 150 رنز کی شراکتیں بنانی ہوں گی، کیونکہ اس کے بعد چھوٹی شراکتیں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

دوسری جانب قومی ٹیم آج پریکٹس سیشن میں حصہ لے گی، جہاں دوسرے ٹیسٹ سے قبل خامیوں پر قابو پانے کی کوشش کی جائے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US