پریشر اچھی چیز ہے، اپنی کرکٹ بہتر بنانے پر توجہ ہے، صائم ایوب

image

قومی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹر صائم ایوب نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کی بہتری کے لیے کیمپس کا انعقاد ضروری ہے، چاہے کوئی کھلاڑی آؤٹ آف فارم ہی کیوں نہ ہو۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صائم ایوب نے کہا کہ چار ٹیموں پر مشتمل ٹورنامنٹ میں سخت مقابلہ ہوگا جبکہ ایسے ایونٹس سے کھلاڑیوں کی کارکردگی میں بہتری آتی ہے۔

صائم ایوب کا کہنا تھا کہ بطور کھلاڑی ان کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ ٹیم کے لیے رنز بنائیں اور اپنا کردار ادا کریں۔ ٹی ٹوئنٹی کا مرحلہ گزر چکا ہے، اب ایشین گیمز اگلا ہدف ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ یہ نہیں سوچتے کہ اگر ٹی ٹوئنٹی میں کارکردگی اچھی نہیں تو ون ڈے میں بھی نہیں ہوگی۔ شاٹ سلیکشن کا کوئی بڑا مسئلہ نہیں، جبکہ مشکل وقت ٹیم کے لیے نہیں آیا، جتنا ممکن تھا اپنا اثر ڈالنے کی کوشش کی۔

قومی بیٹر نے کہا کہ پریشر ہمیشہ ہوتا ہے، چاہے پرفارمنس اچھی ہو یا نہ ہو، لیکن پریشر اچھی چیز ہے کیونکہ یہ غلط کام کرنے سے روکتا ہے۔

صائم ایوب نے مداحوں کے ردعمل پر کہا کہ فینز جو بھی کہتے ہیں وہ ان کا پیار ہے، اصل مقصد یہ ہے کہ جو رول دیا جائے اسے بہترین انداز میں نبھایا جائے۔

انہوں نے بتایا کہ ری ہیب کے باعث وہ کیمپ میں کم شریک ہوئے، تاہم اب ری ہیب مکمل ہونے کے بعد وہ اپنی کرکٹ کو بہتر بنانے اور کھیل سے لطف اندوز ہونے پر توجہ دے رہے ہیں۔

صائم ایوب نے کہا کہ تمام سینئر کھلاڑیوں نے انہیں چھوٹے بھائی کی طرح سمجھایا اور سپورٹ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مشکل وقت ان لوگوں کے لیے ہوتا ہے جن کے پاس وسائل نہیں ہوتے، ہمارے پاس سب کچھ ہے، اس لیے کوشش ہے کہ کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جائے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US