پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے دوران آج بھی مارکیٹ منفی زون میں رہی جہاں کاروبار کا آغاز اور اختتام دونوں منفی زون میں ہوا۔
ٹریڈنگ کے آغاز پر ہنڈرڈ انڈیکس 901 پوائنٹس کی کمی کا شکار ہوا جبکہ کاروبار کے دوران مارکیٹ میں 1431 پوائنٹس تک مندی اور 191 پوائنٹس تک محدود تیزی بھی دیکھی گئی۔
مارکیٹ تجزیہ کاروں کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات شروع نہ ہونے اور عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث سرمایہ کار محتاط رہے اور زیادہ تر سائیڈ لائن پر رہے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج 176 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد برقرار نہ رکھ سکی جبکہ کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 495 پوائنٹس کمی کے بعد 175 ہزار 547 پوائنٹس پر بند ہوا۔
کاروبار کے دوران بینکنگ سیکٹر کے شیئرز میں خریداری کا رجحان دیکھا گیا، جبکہ آئل اینڈ گیس اور سیمنٹ کمپنیوں کے شیئرز فروخت کے دباؤ کا شکار رہے۔