پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے میں دریاؤں اور سیلابی صورتحال سے متعلق تازہ رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیشتر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے تاہم چند مقامات پر نچلے اور درمیانے درجے کے سیلاب کی صورتحال برقرار ہے۔
پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق دریائے چناب، جہلم، راوی اور ستلج میں پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے جبکہ دریائے سندھ میں کالا باغ اور چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔ کالا باغ میں پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 63 ہزار کیوسک اور چشمہ میں 2 لاکھ 94 ہزار کیوسک ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ ڈیرہ غازی خان کی رودکوہیوں میں بھی پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے تاہم وزیرآباد کے مقام پر نالہ پلکھو میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے جہاں پانی کا بہاؤ 3 ہزار 600 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح نارووال کے نالہ بسنتر میں بھی نچلے درجے کا سیلاب موجود ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں کا چوتھا سلسلہ 5 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے جبکہ بالائی کیچمنٹ ایریاز میں متوقع بارشوں کے باعث مشرقی دریاؤں اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی جپہ نے خبردار کیا ہے کہ لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان میں اربن فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے جبکہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے امکانات بھی ہیں۔
انہوں نے دریاؤں کے کناروں اور پاٹ میں موجود شہریوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب نے ممکنہ متاثرہ علاقوں میں فلڈ ریلیف کیمپس قائم کر دیے ہیں، جہاں متاثرین کو بنیادی سہولیات اور ادویات فراہم کی جائیں گی۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ موسم اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں، دریاؤں، نہروں اور ندی نالوں کے قریب غیر ضروری آمدورفت اور سیروتفریح سے گریز کریں، جبکہ بچوں کو ہرگز دریاؤں اور برساتی نالوں میں نہانے نہ دیا جائے۔