وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر میں شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے پانچ روز کے اندر جامع اور فول پروف پلان طلب کر لیا ہے۔
وزیراعلیٰ کی زیر صدارت پنجاب صاف پانی اتھارٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ادارے کی کارکردگی، تنظیم نو اور مستقبل کے منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کی طرز پر پنجاب صاف پانی اتھارٹی کو جدید خطوط پر ری اسٹرکچر اور اپ گریڈ کیا جائے گا، جبکہ اسے تکنیکی اور انتظامی لحاظ سے مکمل بااختیار بنایا جائے گا۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ صاف پانی اتھارٹی کو جدید ٹیکنالوجی، تربیت یافتہ افرادی قوت اور ضروری ٹرانسپورٹ فراہم کی جائے گی جبکہ اتھارٹی کے تمام واٹر ٹرکوں اور فلٹریشن پلانٹس کی مؤثر مانیٹرنگ کا نظام بھی متعارف کرایا جائے گا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مختلف علاقوں کی ضروریات کے مطابق آر او پلانٹس اور جدید فلٹریشن ٹیکنالوجی نصب کی جائے گی۔ اس کے علاوہ صوبے بھر میں قائم فلٹریشن اور آر او پلانٹس پر پلانٹ آئی ڈی، آپریٹر کا نام، رابطہ نمبر اور اوقات کار واضح طور پر درج کیے جائیں گے تاکہ شہریوں کو بہتر سہولت اور معلومات میسر آسکیں۔