شادی سے چند ہفتے پہلے قتل، رضا علی کیس میں تحقیقات نے نیا موڑ لے لیا

image

میرا بیٹا 30 اگست کو شادی کرنے والا تھا۔ بیت المکرم مسجد میں نکاح اس کی دلی خواہش تھی اور وہ اپنی پسند کی شادی پر بہت خوش تھا۔ وہ گھر سے یہ کہہ کر نکلا تھا کہ چند منٹ میں واپس آتا ہوں، مگر پھر اس کی لاش ملی۔ میرا رضا محنت کرکے اپنے پاؤں پر کھڑا ہوا تھا، اس کا کسی سیاسی جماعت سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ پولیس کو لاش تو مل گئی لیکن اس کا موبائل فون آج تک نہیں ملا۔ مجھے اس وقت سکون ملے گا جب قاتل گرفتار ہو کر میرے سامنے ہوں، مجھے انصاف چاہیے۔

کراچی میں 'واف لکس' کے 25 سالہ مالک میر رضا علی کے مبینہ اغوا اور قتل کیس نے نیا موڑ اختیار کر لیا ہے۔ تازہ تحقیقات میں تفتیشی حکام نے انکشاف کیا ہے کہ ابتدائی اندازوں کے برعکس میر رضا علی وقوعہ والے روز اپنے کچن تک پہنچے ہی نہیں تھے۔ ایس ایچ او فیروز آباد اور تفتیشی ٹیم کی جانب سے جائے وقوعہ اور کچن کے معائنے میں تمام مشینیں اپنی جگہ جوں کی توں موجود پائی گئیں جس سے شبہ مضبوط ہوا کہ مقتول وہاں کام کے لیے پہنچا ہی نہیں تھا۔ مزید یہ کہ ابتدائی شواہد اور ڈیجیٹل ڈیوائسز کے تجزیے سے یہ بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ آن لائن ٹیکسی کے ذریعے بتائے گئے گیسٹ ہاؤس بھی نہیں پہنچا تھا۔

پولیس کے مطابق تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے اور اب اس اندھے قتل میں کسی انتہائی قریبی شخص کے ملوث ہونے کے امکان کو بھی سنجیدگی سے دیکھا جا رہا ہے۔ ملازمین کے بیانات قلمبند کیے جا رہے ہیں جبکہ موبائل فون کا ڈیٹا، کال ریکارڈ اور دیگر تکنیکی شواہد کی مدد سے بھی مختلف پہلوؤں پر چھان بین جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ابھی کسی حتمی نتیجے پر پہنچنا قبل از وقت ہوگا تاہم ہر ممکن زاویے سے تفتیش آگے بڑھ رہی ہے۔

دوسری جانب مقتول کے والد نے انصاف کی اپیل دہراتے ہوئے کہا کہ ان کے بیٹے کی شادی میں صرف چند ہفتے باقی تھے اور گھر میں خوشیوں کی تیاریاں جاری تھیں مگر ایک لمحے میں سب کچھ اجڑ گیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ قتل میں ملوث تمام افراد کو فوری گرفتار کر کے قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے تاکہ ان کے خاندان کو انصاف مل سکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US