نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سنسنی خیز بین الاقوامی ہاکی میچ میں پاکستان نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے جنوبی کوریا کو 1-3 سے شکست دے کر یادگار فتح اپنے نام کرلی۔
میچ کے پہلے ہاف میں جنوبی کوریا نے ایک گول کر کے برتری حاصل کی، تاہم قومی ٹیم نے ہمت نہ ہاری اور دوسرے ہاف میں جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلے اسکور برابر کیا، پھر مزید دو گول داغ کر مقابلہ 1-3 سے اپنے نام کرلیا۔
پاکستانی کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی نے اسٹیڈیم میں موجود شائقین کا جوش و خروش دیدنی بنا دیا۔ قومی ٹیم کے ہر گول پر تماشائیوں نے بھرپور داد دی جبکہ “پاکستان زندہ باد” کے نعروں سے پورا نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم گونج اٹھا۔
میچ میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے قومی ٹیم کی شاندار کامیابی پر کھلاڑیوں اور ٹیم آفیشلز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ہاکی میں دوبارہ عالمی سطح پر اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔
انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ اس نوعیت کے بین الاقوامی مقابلے قومی کھیل کے فروغ، نوجوان ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی اور پاکستان میں ہاکی کے روشن مستقبل کے لیے اہم سنگِ میل ثابت ہوں گے۔