کراچی پولیس نے چہلم حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کے موقع پر سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے جامع سیکیورٹی پلان تیار کرلیا ہے۔
پلان کے تحت مرکزی جلوس اور مجالس کی حفاظت اور سیکیورٹی پر 4,994 پولیس اہلکار تعینات ہوں گے، جبکہ سیکیورٹی ڈیوٹی کو مؤثر بنانے کے لیے 139 پولیس گاڑیاں بھی ڈیوٹی پر مامور کی جائیں گی۔ اس دوران نشتر پارک، جلوس کے مرکزی روٹس، اور داخلی و خارجی راستوں پر انتہائی سخت نگرانی رکھی جائے گی۔
سیکیورٹی اقدامات کے تحت سی سی ٹی وی کنٹرول رومز قائم کر کے جلوس کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے گی اور بم ڈسپوزل و سرچ اینڈ اسکیننگ اسکواڈز کی ٹیمیں بھی فعال رہیں گی۔
سیکیورٹی کو مزید یقینی بنانے کے لیے حساس مقامات اور بلند عمارتوں پر اسنائپرز جبکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پوسٹ انسیڈنٹ رسپانس ٹیمیں تعینات کی جائیں گی۔
اس کے علاوہ شہر کے اہم اسپتالوں اور متبادل راستوں پر بھی خصوصی سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں، اور شہریوں کی سہولت کے لیے ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کی غرض سے خصوصی ٹریفک پلان بھی مرتب کرلیا گیا ہے۔