اداکارہ اور رائٹر مہر بانو کو اپنی ایک ویڈیو کی وجہ سے سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ شمالی علاقوں میں دوستوں کے ساتھ چھٹیاں گزارنے کے دوران انہوں نے ایک مختصر ویڈیو بنائی، جس میں اپنی موت کا ڈرامائی منظر فلمایا گیا۔
ویڈیو میں مہر بانو ایک چٹان پر بے حس و حرکت لیٹی دکھائی دیتی ہیں، جبکہ ان کے دوست پاکستانی نیوز رپورٹس کے انداز میں واقعے کی کوریج اور اہلِ خانہ کا کردار ادا کرتے نظر آتے ہیں۔ ویڈیو کو مزاحیہ انداز میں بنایا گیا تھا، تاہم سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے اسے غیر ذمہ دارانہ اور نامناسب قرار دیا۔
یہ ویڈیو تیزی سے وائرل ہونے کے بعد متعدد افراد نے کہا کہ ابتدا میں انہیں واقعی لگا کہ مہر بانو کے ساتھ کوئی افسوسناک حادثہ پیش آیا ہے۔ کئی صارفین نے اس طرح کے حساس موضوع پر مذاق بنانے کو نامناسب قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے مواد سے لوگوں میں غیر ضروری خوف اور غلط فہمیاں پیدا ہوسکتی ہیں۔