وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے پی ٹی وی ڈرامہ اینڈ فلم اکیڈمی کی بحالی اور پی ٹی وی ہوم کی ری ویمپنگ کے لیے جامع حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کر دی ہے، جبکہ پاکستان میں پہلی مرتبہ کلر گریڈنگ کی جدید تربیت فراہم کرنے کا پروگرام بھی شروع کیا جا رہا ہے۔
اس حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی سیکریٹری اطلاعات اشفاق احمد خلیل سمیت وزارت اطلاعات کے سینئر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں اکیڈمی کی بحالی، جدید تکنیکی سہولیات، تربیتی پروگراموں اور عملی تربیت پر مبنی مختلف ماڈلز کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پی ٹی وی اکیڈمی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ایک مؤثر تربیتی ادارہ بنایا جائے گا، جہاں نوجوانوں کو فلم، ڈرامہ، ایڈیٹنگ، کلر گریڈنگ اور ڈیجیٹل مواد کی تیاری میں پیشہ ورانہ مہارتیں فراہم کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ کلر گریڈنگ کی جدید تربیت کا پروگرام شروع کیا جا رہا ہے، اس سے قبل اس شعبے میں تربیت اور جدید سہولیات کے حصول کے لیے بیرون ملک جانا پڑتا تھا۔ مقامی سطح پر یہ سہولت دستیاب ہونے سے فلم انڈسٹری اور نجی شعبے کو بھی جدید تکنیکی تربیت میسر آئے گی اور فلم سازی کا معیار بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
وفاقی وزیر اطلاعات کے مطابق نجی شعبے کے اشتراک سے ایک شفاف اور عملی پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جائے گا تاکہ تربیتی پروگراموں کو فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کی ضروریات سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔ اس مقصد کے لیے جدید کلاس رومز، اسٹوڈیو لیب، ایڈیٹنگ سوٹس، ورک اسٹیشنز اور تکنیکی آلات کی فراہمی کے منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ تربیتی پروگراموں میں نظریاتی تعلیم کے ساتھ عملی کام، پراجیکٹ سازی اور طلبہ کے پورٹ فولیو کی تیاری پر خصوصی توجہ دی جائے گی، جبکہ پی ٹی وی نیوز، پی ٹی وی ہوم اور پاکستان ٹیلی ویژن کے لیے نوجوانوں کے تخلیقی منصوبوں کی بھی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ پی ٹی وی ڈرامہ اینڈ فلم اکیڈمی کی بحالی اور پی ٹی وی ہوم کی ری ویمپنگ حکومت کے میڈیا اور تخلیقی صنعتوں کے فروغ کے عزم کا حصہ ہے۔ اکیڈمی کو فعال تربیتی مرکز بنانے کے ساتھ مالی طور پر پائیدار ادارہ بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔