عتیقہ اوڈھو کے بیٹے نے انہیں اسکول آنے سے کیوں روکا تھا؟

image

’’امی، آپ کبھی میرے اسکول مت آئیے گا، میں نہیں چاہتا کہ وہاں کے لڑکے آپ کو دیکھیں۔ میرے بیٹے نے مجھ سے باقاعدہ قسم لی تھی کہ میں اس سے ملنے اسکول نہیں جاؤں گی، اور میں نے اپنا وعدہ نبھایا۔‘‘

پاکستان کی معروف سینئر اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے اپنی زندگی کا ایک دلچسپ اور غیر متوقع واقعہ سناتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ شوبز میں شہرت حاصل کرنے کے بعد ان کے اپنے بیٹے نے انہیں اسکول آنے سے منع کردیا تھا۔

عتیقہ اوڈھو نے اپنے یوٹیوب چینل پر شروع کیے گئے نئے پوڈکاسٹ کی پہلی قسط میں اداکار جنید خان کو بطور مہمان مدعو کیا، جہاں گفتگو کے دوران انہوں نے اپنے کیریئر کے ابتدائی دنوں اور بچوں پر اپنی شہرت کے اثرات سے متعلق کھل کر بات کی۔

اداکارہ نے بتایا کہ جب انہوں نے 90 کی دہائی کے آغاز میں شوبز انڈسٹری میں قدم رکھا تو ان کے بچے بہت چھوٹے تھے۔ کچھ ہی عرصے میں انہیں ملک بھر میں غیر معمولی مقبولیت حاصل ہوگئی، لیکن یہی شہرت ان کے بیٹے کے لیے ایک الگ پریشانی بن گئی۔

عتیقہ اوڈھو کے مطابق اس وقت ان کا بیٹا لاہور کے معروف تعلیمی ادارے ایچی سن کالج میں زیرِ تعلیم تھا۔ ایک دن اس نے اپنی والدہ سے واضح طور پر کہہ دیا کہ وہ اسے ملنے اسکول نہ آیا کریں کیونکہ وہ نہیں چاہتا تھا کہ دوسرے لڑکے ان کی والدہ کو وہاں دیکھیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ بیٹا اپنے فیصلے پر اتنا سنجیدہ تھا کہ اس نے ان سے وعدہ بھی لیا، جس کا انہوں نے احترام کیا اور پھر کبھی اس سے ملنے اسکول نہیں گئیں۔

عتیقہ اوڈھو کا کہنا تھا کہ بعض اوقات لڑکوں کے لیے اپنی والدہ کی عوامی شہرت ایک مشکل صورتحال پیدا کردیتی ہے، خصوصاً اس عمر میں جب وہ اپنے دوستوں اور اسکول کے ماحول کے بارے میں زیادہ حساس ہوتے ہیں۔

واضح رہے کہ عتیقہ اوڈھو پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کا ایک نمایاں نام ہیں۔ ستارہ اور مہرالنساء، نجات، دشت اور ہمسفر سمیت متعدد کامیاب ڈراموں میں ان کی اداکاری کو پسند کیا گیا۔ آج کل وہ ڈراموں کے ساتھ ساتھ پروگرام ’کیا ڈرامہ ہے‘ کی میزبانی اور اپنے یوٹیوب پوڈکاسٹ کے ذریعے بھی ناظرین سے رابطے میں ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US