"بھارت ماں ہے تو پاکستان میری خالہ ہے" سنی دیول کا بیان سوشل میڈیا پر چھا گیا

image

میرے والد کہا کرتے تھے کہ اگر بھارت میری ماں ہے تو پاکستان میری ماں کی بہن (ماسی) ہے اس لیے ہمارا ایک رشتہ ہمیشہ قائم رہے گا۔ اگرچہ ہماری فلم کی شوٹنگ پاکستان میں نہیں ہوئی، بلکہ تمام مناظر بھارت میں ہی فلمائے گئے ہیں۔

بالی ووڈ کے معروف اداکار سنی دیول کا یہ بیان سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔ پاکستان مخالف کرداروں کے لیے مشہور سنی دیول نے اپنی نئی فلم "بٹوارا (1947)" کی تشہیر کے دوران پاکستان سے متعلق ایسا تبصرہ کیا جس نے مداحوں کو حیران کر دیا۔

پریس کانفرنس کے دوران ایک صحافی نے سنی دیول سے سوال کیا کہ کیا فلم کی شوٹنگ پاکستان میں ہوئی تھی اور وہ پاکستان وہاں کے ماحول اور عوام کے بارے میں کیا رائے رکھتے ہیں؟ اس پر سنی دیول نے واضح کیا کہ فلم کی شوٹنگ پاکستان میں نہیں ہوئی، تاہم اپنے والد کی بات دہراتے ہوئے پاکستان کو بھارت کی "ماسی" قرار دیا اور دونوں ممالک کے درمیان تاریخی اور ثقافتی تعلق کا ذکر کیا۔

سنی دیول کے اس بیان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی جہاں متعدد صارفین نے ان کے مؤقف کو متوازن اور سنجیدہ قرار دیا۔ بعض نے کہا کہ اداکار نے پہلی بار پاکستان کے حوالے سے سمجھداری کا مظاہرہ کیا جبکہ کچھ نے سوال اٹھایا کہ اگر ان کے خیالات ایسے ہیں تو پھر وہ اپنی فلموں میں اکثر پاکستان مخالف کردار کیوں ادا کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ سنی دیول کی فلم بٹوارا (1947) تقسیمِ ہند کے پس منظر پر مبنی ہے اور 14 اگست 2026 کو پاکستان کے علاوہ دنیا بھر میں ریلیز کی جائے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US