عالمی ٹریڈنگ مقابلہ جیتنے والے وقار ذکا کا جی ویگن سے متعلق بڑا اعلان

image

ٹیکنالوجی انٹرپرینیور اور کرپٹو ٹریڈر وقار ذکا نے عالمی سولو ٹریڈنگ مقابلہ جیتنے پر ملنے والی 2026 ماڈل مرسڈیز بینز جی ویگن فروخت کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس رقم کو پاکستان میں ریاضی اور سائنسی تحقیق کے فروغ پر خرچ کرنا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ملک میں ملالہ یوسفزئی اور نوبیل انعام یافتہ ڈاکٹر عبدالسلام جیسی شخصیات بھی تنقید سے محفوظ نہیں رہیں تو انہیں اپنی کامیابی پر کسی تعریف کی توقع نہیں۔

سوشل میڈیا پر جاری بیان میں وقار ذکا نے کہا کہ ان کے لیے گاڑی سے زیادہ اہم اپنی عالمی درجہ بندی اور وہ مقصد ہے جس کے لیے یہ انعام استعمال کیا جا سکتا ہے۔ ان کے مطابق انہوں نے صرف 12 دن میں 74 فیصد منافع حاصل کرکے سونا، تیل، چاندی، اسٹاکس، فاریکس اور کرپٹو پر مشتمل بین الاقوامی ٹریڈنگ مقابلہ اپنے بل بوتے پر جیتا، جہاں نہ کوئی ٹیم تھی، نہ ریفرل سسٹم اور نہ ہی کسی قسم کی تشہیری برتری۔

انہوں نے بتایا کہ ماضی میں وہ اسی نوعیت کے مقابلوں میں تیسری اور ساتویں پوزیشن حاصل کر چکے ہیں، جبکہ اب بھی مختلف عالمی ٹریڈنگ مقابلوں میں حصہ لینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ کسی ایک پلیٹ فارم کی نمائندگی نہیں بلکہ اپنی صلاحیت کو ہر سنجیدہ مقابلے میں آزمانا چاہتے ہیں۔

وقار ذکا نے کہا کہ جی ویگن کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم ایسے طلبہ کی مدد کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں جو ریاضی اور تحقیق کے شعبوں میں آگے بڑھنے کی خواہش رکھتے ہیں، تاکہ مستقبل میں پاکستان سے بھی عالمی سطح کے سائنس دان اور فیلڈز میڈل جیتنے والے ریاضی دان سامنے آسکیں۔ اس کے علاوہ وہ مستند مدارس کے تعاون سے حافظِ قرآن طلبہ کے لیے مصنوعی ذہانت (AI) کی عملی تعلیم متعارف کرانے کا بھی ارادہ رکھتے ہیں تاکہ وہ جدید مہارتیں سیکھ کر بہتر روزگار کے مواقع حاصل کر سکیں۔

یاد رہے کہ وقار ذکا نے دنیا بھر سے شریک تین ہزار سے زائد ٹریڈرز کو پیچھے چھوڑتے ہوئے بین الاقوامی TradFi سولو ٹریڈنگ مقابلہ اپنے نام کیا تھا جس کے انعام میں انہیں دبئی میں 2026 ماڈل مرسڈیز بینز جی ویگن دی گئی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US